اسلام آباد(نیوزرپورٹر)مسحور کن دھنوں کے خالق اور نامور موسیقار شوکت علی ناشاد کی 40ویں برسی منائی گئی۔ شوکت علی ناشاد 1923کو دہلی میں پیدا ہوئے ناشاد کا اصل نام شوکت علی دہلوی تھا۔ انہوں نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم ماسٹر غلام حسین اور موسیقار نوشاد علی سے حاصل کی۔ انہوں نے 1947 سے 1962 تک 30 بھارتی فلموں میں موسیقی دی، بحیثیت موسیقار ان کی پہلی فلم ٹوٹے تارے تھی، بھارتی فلم بارہ دری میں ان کی ترتیب دی ہوئی موسیقی کے تمام نغمے سپر ہٹ ہوئے۔ناشاد 1964 میں بھارت سے پاکستان منتقل ہوئے تھے اور اپنی خوبصورت موسیقی کے باعث امر ہونے والے اس معروف موسیقار نے یہاں بھی کامیابیوں کے خوب جھنڈے گاڑے۔انہوں نے دلدار، رام بھروسے، سالگرہ، بہارو پھول برساو، دیدار، نیا رستہ، زینت، پالکی، ملن، سمیت درجنوں فلموں میں اشعار کو اس خوبصورتی سے سر وں میں ڈھالا کہ وہ شاہکار گیت بن گئے۔موسیقی کی دنیا کا یہ چمکتا ستارہ 14 جنوری 1981 کو غروب ہوا لیکن ان کا نام ان کے بے مثال کام کی بدولت آج بھی زندہ ہے۔