اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے مچھ بلوچستان کوئلہ فیلڈ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ہزارہ برادری کے 10سے زائد کان کن مزدوروںکے سفاکانہ قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے ازلی دشمن کی گھنائونی سازش قراردیا ہے۔ہیڈکوارٹر مکتب تشیع سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں کوئی شیعہ سنی لڑائی نہیں ،بیگناہ مزدوروں پر حملہ اور انکا بہیمانہ قتل پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے جنہیں سی پیک اور گوادر ہضم نہیں ہورہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہ کر دشمن کی سازش کو ناکام کردیں اورحکومت سانحہ مچھ کے مجرموں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے ، زخمیوں کو علاج معالجہ کی خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں ۔