عوام کا د دوچھہ ڈیم کیلئے زمین کی قیمت کم مقرر کرنے کیخلاف شدید احتجاج

Jan 04, 2021

 مندرہ( نامہ نگار) روات کے نواحی گائوں بروالا کے عوام نے د دوچھہ ڈیم کیلئے اپنی سونا اگلتی  زمینیں اونے پونے داموں نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس دور میں زمین کی قیمت فی کنال90ہزار روپے نا انصافی ہے ۔ اگر مطالبات پورے نہ کئے گئے تو روات ٹی چوک پر دھرنا دیکر مین جی ٹی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دینگے ۔ ددوچھہ ڈیم کیلئے زمینوں  کی قیمت کم  مقرر کرنے کیخلاف گائوں کے عمائدین یو سی چیئرمین راجہ پرویز اشرف‘شوکت اقبال‘ عقیل احمد کیانی‘ پی ٹی آئی رہنماء راجہ وحید قاسم‘راجہ فیاض الحق جنجوعہ‘جمشید کیانی ودیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ددوچھہ ڈیم کی تعمیرسے ہماری سونا اگلتی زمینیں بر باد ہونگی او ر اسکے بدلے میں زمینوں کی اونے پونے داموں قیمت مقرر کرنا نا انصافی ہے۔ شوکت اقبال کیانی و دیگرکا کہنا تھا کہ ہم گائوں کے لوگ ڈیم کے ارد گرد اراضی ہر گز نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کی حدود سے باہر زمینیں ہماری زیر قبضہ رہیں گی۔اور فی کنال مارکیٹ ریٹ کے مطابق 10یا20 لاکھ روپے مقرر کی جائے تاکہ اس کے بدلے کسی اور جگہ ہم کوئی اور زمینیں خرید کر کاشتکاری کریں اور اپنے بچوں کے پیٹ پال سکیں۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو ٹی چوک میں دھرنا دیکر مین جی ٹی روڈ کو بند کر دینگے۔

مزیدخبریں