لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرکے سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چہلم علامہ خادم رضوی کے سلسلہ میں سکیورٹی و ٹریفک انتظامات اور تھانہ اقبال ٹاؤن کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ایس پی اقبال ٹاؤن رائے محمد اجمل نے سربراہ لاہور پولیس کو انتظامات بارے بریفنگ بھی دی۔ غلام محمود ڈوگر نے تھانہ اقبال ٹاؤن کے دورہ کے دوران فرنٹ ڈیسک اور محرر آفس، ریکارڈ رجسٹرز کا معائنہ بھی کیا اور فرنٹ ڈیسک اسسٹنٹ سے شکایات کے اندراج بارے پوچھا وہاں موجود سائلین سے پولیس رویہ بارے استفسار بھی کیا۔ بہترین ریکارڈ مینٹینس پر نائب محرر کو شاباش دی اور تھانے میں موجود نفری کو بریفنگ دی۔ سربراہ لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ ہمارا کام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا ہے۔ تھانوں میں سائلین انصاف کی امید کے ساتھ آتے ہیں، انہیں ناامید نہ کریں اللہ نے ہمیں بہترین کام کیلئے منتخب کیا ہے لوگوں کو انصاف دیں۔ تمام ایس ایچ اوز، ایس ڈی پی اوز عوام تک رسائی ممکن بنائیں۔ اہلکار شہریوں خصوصاً سائلین کے ساتھ خوشگوار اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ خوشگوار ماحول کیلئے تھانوں میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے اخوت کالج یونیورسٹی للیانی قصور کے دورہ کے موقع پرکہا ہے کہ اخوت اور اس جیسے دیگر فلاحی ادارے ملک بھر کے تمام صوبوں کے دوردراز علاقوں کے ہونہار بچوں کو مفت تعلیم اور رہائش کی سہولیات کے ذریعے پاکستان کا مستقبل تابناک بنا رہے ہیں۔ ہمارا مذہب، روایات اور ہماراکلچر ہمیں اگلی نسل کو بہترین تعلیم و تربیت کیلئے آئیڈیل ماحول اور آنے والی زندگی میں شاندار مستقبل کی نوید دیتا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان، ادارہ اخوت کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر امجد ثاقب،پرنسپل یونیورسٹی ملک شیر افگن شہزاد، ایس پی سکیورٹی سردار موارہن خان،اے ایس پیزاس موقع پر موجود تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہاکہ نادار بچوں کو جدید تعلیم کی مفت سہولیات کا ان کا ویژن پاکستان کے درخشاں مستقبل کا ضامن ہے۔ یونیورسٹی میں زیر تعلیم بلوچستان، سندھ، خیبرپی کے، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے طلبہ نے مہمانوں کو یونیورسٹی میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا اور ملک کیلئے اپنے آئندہ مستقبل اور خدمات کی منظر کشی کی۔