اسلام آباد ، لاہور (نیوز رپورٹرر+ نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان میں یومیہ کرونا کیسز اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک بھر میں 2 ہزار 272 افراد میں وائرس کی تصدیق جبکہ مزید 53 افراد لقمہ اجل بنے، اموات کی تعداد 10 ہزار 311 تک پہنچ گئی، ایک ہزار 686 صحتیاب ، متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 86 ہزار 634، مجموعی صحتیاب 90 فیصد سے زائد 4 لاکھ 40 ہزار 660 ہوگئے۔ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 663 رہ گئی۔ صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار 4 کیسز کا اضافہ اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 17 ہزار 636 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں مزید 12 مریضوں کا انتقال، اموات 3 ہزار 594 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں 847 نئے کیسز، متاثرین ایک لاکھ 40 ہزار 188 ہوگئے۔ مزید 24 مریض لقمہ اجل بنے، اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 109 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 232 افراد متاثر، مجموعی متاثرین 59ہزار 255 ہوگئے۔ مزید 11 مریضوں کا انتقال ، مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 672 پر جا پہنچی۔ صوبہ بلوچستان میں37 کیسز رپورٹ، مجموعی کیسز 18 ہزار 218 ہوگئے۔ مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ اور مجموعی تعداد 185 تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں مزید 126 کیسز، متاثرہ کی تعداد 38 ہزار 146 تک جا پہنچی۔ مزید 3 مریض جاں بحق،اموات بڑھ کر 424 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 22 کیسز، متاثرین کی تعداد 8 ہزار 325 ہوگئی۔ مزید 2 مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 226 تک جا پہنچی۔گلگت بلتستان میں 4 نئے کیسز رپورٹ، تعداد 4 ہزار 866 ہوگئی۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد4 لاکھ 40 ہزار 660 ہوگئی۔کرونا کے وار لاہور کے شہریوں پر جاری ہے ۔لاہور مکے مختلف علاوں میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے بعد مزید 8 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں ، گلبرگ ای ون ،صحافی کالونی ، عثمان گلی، جناح پارک، ہربنس پورہ ، نشتر ٹائون ، غالب روڈاور ، پاکستان فائونڈیشن سوسائٹی شامل ہیں ۔ سمارٹ لاک ڈاؤن زیادہ تر کرونا ٹیسٹ مثبت آنے والے علاقوں میں لگایا گیا ہے۔اس حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن اْن علاقوں میں لگایا گیا ہے جہاں کروناکے 2 سے زیادہ مثبت ٹیسٹ آئے ہیں۔ سمارٹ لاک ڈاؤن میںوہاں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی ۔جبکہ تمام فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، ہاسپٹل، کلینک کھلے رہیں گے جبکہ ضروریاتِ اشیا کی دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔لاہور کے 8 گوجرانوالہ اور ملتان کے مزید ایک ایک علاقے میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ اور دفاتر بند رہیں گے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں1843313ہوگئیں ۔ کیسز8کروڑ49لاکھ75ہزارسے تجاوزکر گئے۔ امریکہ میں ہلاکتیں358682،کیسز2کروڑ9لاکھ4ہزارسے بڑھ گئے۔ بھارت ہلاکتیں149471ہو گئیں اور کیسز 1 کروڑ 3 لاکھ 24 ہزار ہو گئے۔ برطانیہ میں کرونا کیسز نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، 24 گھنٹوں میں 57 ہزار 725 افراد میں کرونا کی تشخیص اور مزید 445 افراد ہلاک ہو گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کرونا کی نئی قسم تیزی سے پھیلنے کے سبب طبی ماہرین نے ملک بھر کے ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔رائل کالج آف فزیشنز کے صدر پروفیسر گوڈارڈ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ برطانیہ بھر کے ہسپتال تیار رہیں۔پروفیسر گوڈارڈ کا کہنا تھا کہ برطانیہ بھر کے ہسپتالوں کو کرونا مریضوں کے دبائو کا سامنا ہوسکتا ہے۔برطانیہ میں کی گئی نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ کرونا وائرس کی نئی قسم پہلی قسم کے مقابلے میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور تمام عمر کے افراد اس وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ جرمنی میں لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے پر اتفاق‘ عرب لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل عمرو موسیٰ کو کرونا کے باعث ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق طبی معائنے کے بعد عمرو موسیٰ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
کرونا : مزید 58جاں بحق، کیسز بڑھنے پر لاہور ، گوجرانوالہ، ملتان کے 10مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون
Jan 04, 2021