اسرائیل میں جنوری کے آخرتک20لاکھ افراد کو ویکسین لگا دی جائے گی

اسرائیل میں حکام نے کہا ہے کہ جنوری کے آخرتک لگ بھگ 20 لاکھ افراد کو کووِڈ19کی ویکسین کی دو خوراکیں لگا دی جائیں گی۔اسرائیل میں 19دسمبر کو امریکا کی دوا ساز فرم فائزر اور جرمن کمپنی بائیواین ٹیک کے اشتراک سے تیارشدہ کووِڈ19کی ویکسین شہریوں کو لگانے کی مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔اسی روز صہیونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی ویکسین لگوائی تھی۔ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک کے درمیان کم سے کم دوہفتے کا وقفہ ہونا چاہیے اور تین ہفتوں میں دونوں خوراکیں لگائی جاسکتی ہیں۔اسرائیلی حکام کا کہنا تھاکہ اب کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کی رفتار کم کی جارہی ہے۔اسرائیلی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیزی لیوی نے سرکاری نشریاتی ادارے کان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ویکسین کی پہلی خوراک لگانے کی رفتار کم کررہے ہیں تاکہ ہمارے پاس دوسری خوراک لگانے کے لیے وافر تعداد میں ویکسینیں موجود ہوں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی قریبا 20 فی صد آبادی کو اس ماہ کے آخر تک کرونا وائرس کی ویکسین لگا دی جائے گی۔ان میں طبی کارکنان اور 60 سے زیادہ عمر کے شہری شامل ہیں۔اس طرح جنوری کے اختتام تک 20 لاکھ مکینوں کو ویکسین لگادی جائے گی۔ان میں زیادہ تر ضعیف العمر افراد شامل ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن