اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے قومی احتساب بیورو کے پروموشن بورڈ کی تعیناتیوں کے خلاف درخواست میں فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر فہیم قریشی کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیاگیاکہ7 اکتوبر 2021 کو قومی احتساب آرڈیننس 2021 میں ترمیم کی گئی،ترمیمی آرڈیننس کے سیکشن6 میں موجودہ چیئرمین کو کام جاری کرنے کی ہدایت کی گئی،آرڈیننس کے تحت چیئرمین نیب کو اختیارات کے استعمال کی اجازت دی گئی،4 سالہ مدت مکمل ہونے اور ترمیم پر عملدرآمد کے لیے پر وزارت قانون نے تاحال کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، محکمانہ پروموشن بورڈ کی تشکیل قانون کی نظر میں برقرار نہیں رہ سکتی، چیئرمین نیب نے جلدبازی میں پروموشن بورڈ تشکیل دے کر من پسند افراد کو پروموٹ کرنے کی کوشش کی،نیب ملازمین کا بنیادی حق ہے کہ ان کو قانون کے مطابق انکا حق دیا جائے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ غیر قانونی طور پر تشکیل شدہ پروموشن بورڈ کو کالعدم قرار دیا جائے، عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرکے سماعت ملتوی کردی۔