لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے سابق کپتان اور آل رائونڈر محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا ہے۔18 سال پر مشتمل ان کے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کا آغاز 3 اپریل 2003ء کو زمبابوے کے خلاف میچ سے ہوا۔ انہوں نے آخری مرتبہ 11 نومبر 2021ء کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ اس دوران انہوں نے 392 انٹرنیشنل میچز میں 12780 رنز سکور کرنے کیساتھ ساتھ 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہوں نے 32 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی قیادت بھی کی۔ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح قومی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے پچاس اوورز پر مشتمل 3 اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ پر مشتمل 6 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے 3 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھی حصہ لیا۔ محمد حفیظ نے کہا کہ وہ فخر کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہیں۔ آج وہ جس مقام پر ہیں اس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا، یہ سب کرکٹ کی وجہ سے ہے لہٰذا اس پر وہ اپنے تمام ساتھی کرکٹرز، کپتانوں، سپورٹ سٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے ان کے 18 سالہ انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں ان کی مدد کی۔ محمد حفیظ نے مزید کہا کہ وہ اپنے اہلخانہ کے بھی مشکور ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر ان کے پاکستان کی نمائندگی کا خواب پورا کرنے کے لیے بڑی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 18 سال پاکستان کے سبز رنگ کی کٹ زیب تن کرنے پر خوش قسمت اور فخر محسوس کرتے ہیں۔ کیرئیر میں انہیں کئی اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا مگر اس دوران انہیں اپنے دور کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا۔