ملک کو انتہا پسندی کی آگ سے بچانا ہے: بلاول‘ سلمان تاثیر کی برسی پر خراج عقیدت

 لاہور (نامہ نگار)  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو ان کی 11 ویں برس  پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں کہا کہ  سلمان تاثیر نے ملک میں رواداری کے فروغ اور اقلیتوں کے حقوق کی خاطر اپنی جان قربان کردی تھی۔ سلمان تاثیر کی سیاسی جدوجہد بے مثال تھی، وہ قوم کے ایک سچے ہیرو ہیں۔  ہمیں پاکستان کو انتہاپسندی اور دہشتگردی کی آگ سے بچانا ہے۔ ہمیں قوانین کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔ بلاول نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے فکر کی روشنی میں مساوات پر قائم معاشرہ اور ایک ترقی پسند وفاقی جمہوری ریاست بنائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کل 2 بجے بلاول ہاؤس لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے جبکہ فیڈرل کونسل کا اجلاس بھی کل ہو گا۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ کا کہنا ہے کہ سی ای سی اجلاس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن