راولپنڈی(جنرل رپورٹر)تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے سیکر ٹری تنظیم سیدارشادعلی نقوی نے کہا ہے کہ حکومت آپریشن ردالفسادکومنطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنائے،عشرہ عزائے فاطمیہؑ‘ کے پروگراموں کے دوران دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے، اسلام کی محسن ہستیوں کی یادگار منانا او ر ان کی سیرت و تعلیمات کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جو قوموں کی زندگی کی علامت ہے،سیرت حضرت فاطمہؑ ظلم و بربریت اور دہشتگردی سے نجات کی ضمانت ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے مجلس فروغ حسینیت پاکستان کے زیراہتمام باب العلم اکیڈمی’’ عظمت نسواں کانفرنس‘‘ ے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیدارشادنقوی نے باورکرایاکہ مشاہیر اسلام کی سیرت امت مسلمہ کیلئے بہترین درس حیات ہے لہذاایام عزائے فاطمیہ ؑ میں سیرت خاتون جنت سیدہ فاطمہ زہراکوبھر پور اجاگر کر کے نئی نسل کو عظمت کے میناروں سے روشناس کرایا جائے ۔سید ارشادنقوی نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ قوم کی بھلائی ،ملک کے عظیم تر مفاد اور اسلام کی سربلندی کیلئے قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی قیادت میں اپنی بے لوث جدوجہد امانت و دیانت کیساتھ جاری رکھے گی۔ کانفرنس سے علامہ بشارت حسین امامی ، علامہ سیدتصورحسین نقوی ، مولاناملک تیمورالحسن قمی ، پروفیسرجی اے حیدری اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔