لاہور+ بہاولپور+ حاصل پور+ خیر پور ٹامیوالی (بیورو رپورٹ، نیوز رپورٹر، خبرنگار) بہاولپور میں اڈہ اسرانی کے قریب دو تیز رفتار بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 40 مسافر زخمی، 10کی حالت تشویشناک ہے ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خیر پور ٹامیوالی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور ٹامیوالی کے قریب بہاولپور حاصل پور روڈ پر 2 بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 40کے قریب زخمی ہو گئے حادثہ ایک بس کے ایکسل ٹوٹنے پر دوسری طرف سے آنے والی بس کے ساتھ ٹکرانے سے پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک اے ایس آئی غلا م شبیر بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں۔ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے 15زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاںبحق ہو نے والے افراد میں 60 سالا فیاض خان سکنہ بخشن خان، 65 سالا یحیٰی خان ولد احمد یارسکنہ خیر پور ٹامیوالی، 50 سالا بلال سکنہ کھچی والا، 50 سالا شبیر شاہ سکنہ لال سہانرا، 56 سالا مینگا سکنہ کھنڈاموڑ، 64سالا محمداشرف ولد خدا بخش شامل ہیں۔ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال خیرپورٹامیوالی اور وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کردیاگیا۔ ادھر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کے علاج معالجے کی خود نگرانی کی ہدایت کی اور کمشنر بہاولپور اور آر پی او بہاولپور سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔