حکومت پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے: گورنر 

Jan 04, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ اس دوران سینٹ میں قانونی سازی، پاکستان کی سیاسی صورتحال اور بلوچستان سمیت دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفر یدی نے کشمیری اور فلسطینی عوام پر جاری مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ چوہدری محمد سرور نے ملک وقوم کے مفاد میں قانون سازی میں سینٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے اور ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان سمیت پورے ملک میں اتحادی جماعتوں کو بھی ساتھ لیکر چل رہے ہیں اور ملک قوم کے مفاد میں تمام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی کیلئے بلوچستان کی ترقی لازم ہے۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے تحر یک انصاف اور ہماری جماعت ایک پیج پرہیں۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا۔ پار لیمنٹ کی مضبوطی ہی جمہوریت اور ملک وقوم کی مضبوطی ہے۔

مزیدخبریں