ملتان (نیوز رپورٹر/ خبر نگار خصوصی) آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن کی طرف سے بجلی اور دھاگے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ چونگی نمبر14پرکیا گیا۔ جس میں بل نذر آتش کئے گئے۔ مظاہرے کی قیادت مرکزی صدر عبدالخالق قندیل انصاری نے کی۔ مظاہرین مختلف علاقوں سے اپنے مقامی قائدین کی قیادت میں جلوسوں کی صورت میں مرکزی مظاہرے میں شرکت کرتے رہے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور بجلی کے بل نذر آتش کئے۔ انھوں نے اپنے مطالبات کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر خطاب میں عبدالخالق قندیل انصاری نے کہا کہ اگر ملتان کے وزیروں‘ مشیروں اور ایم این اے‘ ایم پی اے نے ہماری آواز ایوانوں میں نہ اٹھائی تو آئندہ احتجاجی مظاہرے انہیں لوگوں کے گھروں کے سامنے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان اگر نہ روکا گیا تو پھر یہی طوفان حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا۔ اس موقع پر محمد یونس انصاری‘ ثناء اللہ انصاری‘ اشرف گوگا‘ جاوید انصاری‘ ریاض نظامی‘ ندیم پاشا‘ جاوید سمرانیہ‘ حاجی صابر انصاری‘ صوفی محمد طفیل‘ اقبال یعقوب انصاری‘ سیٹھ اختر علی‘ منصور انصاری‘ میاں بشیر انصاری‘ محمد سلیم انصاری‘ یونس لاہوری‘ مرکزی جنرل سیکرٹری سعید احمد سعیدی نے بھی خطاب کیا۔ دوسری طرف صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امسال31 لاکھ61 ہزار ایکڑ رقبہ کپاس کے زیر کاشت لایا گیا جو گزشتہ برس سے 17 فیصد کم تھا لیکن اس کے باوجودصوبہ پنجاب میں کپاس کی پیداوار51 لاکھ68 ہزار گانٹھ ریکارڈ ہوئی ہے اور اوسط پیداوار23.9 من فی ایکڑ رہی۔ اس طرح صوبہ پنجاب میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ نہایت خوش آئند ہے۔ صوبائی وزیر نے گزشتہ تین سال کے مقابلے میں زائد کپاس کی پیداوار سے کاشتکاروں‘ جنرز اور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔کپاس کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں، محکمہ زراعت کے عملہ اور کاشتکاروں کی محنت کی بدولت ہوا۔