اسلام آباد(نا مہ نگار)سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ نے ڈاکٹر غلام محمد علی چیئرمین پی اے آر سی کے ہمراہ بلکسر چکوال میں ادرک کی کٹائی کی ورکشاپ کے دوران ادرک کی پہلی کاشت کا افتتاح کیا۔ یہ پاکستان میں ادرک کی پہلی فصل تھی۔ فصل کی مدت 9تا10 ماہ ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر غلام محمد علی چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔ڈاکٹر غلام محمد علی چیئرمین پی اے آر سی نے ڈاکٹر ثانیہ کو ادرک کی کاشت کے منصوبے کی کامیابی اور پاکستان کی کسان معیشت کو فروغ دینے کی صلاحیت کے بارے میں بتایا۔ چیئرمین نے یہ بھی بتایا کہ ادرک کی اس قسم کو کھیت میں کامیابی سے اگایا اور آزمایا گیا ہے ۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنے خطاب میں پاکستان میں ادرک کی پیداوار میں اس جدت پر سائنسدانوں اور ترقی پسند کسانوں کو سراہا۔
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی عا مر علی احمد کے ہمراہ احساس راشن رجسٹریشن پر بریفنگ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔بریفنگ میں وفاقی دارالحکومت کی تمام پچاس یونین کونسلوں میں کریانہ ریٹیلرز اور خاندانوں کے اندراج کے عمل کو تیز کرنے کے لیے سی ڈی اے کے ساتھ رجسٹریشن مہم پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نے کہا،"فی الحال، احساس راشن رجسٹریشن مہم پر پنجاب، کے پی، جی بی اور اے جے کے کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کام جاری ہے۔ ۔ اسلام آباد بھر میں اس مہم کا آغاز کرنے کے لیے اس ہفتے سی ڈی اے کے ساتھ راشن ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا''۔
ڈاکٹرثانیہ نشتر نے پاکستان میں ادرک کی پہلی کاشت کا افتتاح کردیا
Jan 04, 2022