شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ حکمران جتنا چاہے واویلا کرلیںقوم انہیں مزید برداشت نہیں کرے گی ملک کے ہر ادارے کی تباہی ان کا وطیرہ بن چکا ہے،ان کا اصل مقصد ملک میں انتشار اور فساد پھیلانا ہے ،اپنی نا اہلی کو چھپانے کے لئے دوسروں پر الزام تراشی کرکے یہ عوام کو بیوقوف بنا نہیں سکتے، گزشتہ تین برسوں کے دوران حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کا کوئی ایک کام نہیں کیا، اپنے ایک بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ آج بھی عوام نواز لیگ کے دور اقتدار کے ترقیاتی کاموں اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے استفادہ کررہی ہے نئے ترقیاتی کاموں کی بجائے نواز لیگ کے جاری منصوبوں پر اپنے نام منسوب کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔