فارن فنڈنگ کیس نے پی ٹی آئی کی شفافیت کا میک اپ دھو دیا ، احسن اقبال

تحریک انصاف کی چوری پکڑی جا چکی ہے،کیس رکوانے کیلئے حیلے بہانے تلاش کئے جارہے ہیں

عمران خان مسٹر کلین بنے پھرتے ہیں توتوشہ خانے کی تفصیلات جمع کیوں نہیں کراتے،میڈیا سے گفتگو

مسلم لیگ (ن )کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس نے پی ٹی آئی کی شفافیت کا میک اپ دھو دیا ، پاکستان تحریک انصا کی چوری پکڑی جا چکی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ عمران خان پورے ملک میں شفافیت کے چیمپئن بنتے ہیں، لیکن الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کو رکوانے کے لیے حیلے بہانے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کس بات کو چھپانا چاہتی ہے، کس بات کی راز داری چاہتی ہے؟ فارن فنڈنگ کیس نے پی ٹی آئی کی شفافیت کا میک اپ دھو دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں ن لیگ کی بدعنوانی کا ایک ثبوت پیش نہیں کیا، ن لیگ کے کوئی ممنوعہ فنڈنگ کیس زیر سماعت نہیں ۔احسن اقبال نے کہا کہ یہ جھوٹ بول کر اپنی چوری بچانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی اپنی چوری چھپانے کے لیے دوسروں پر کیچڑ اچھال رہی ہے، آج تحریک انصاف نے درخواست دی کہ رپورٹ پبلک نہ کی جائے،تحریک انصاف کو کس چیز کا خوف ہے۔ان کی درخواست ایف آئی آرکے مترادف ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مسٹر کلین بنے پھرتے ہیں۔ اگروہ مسٹرکلین ہیں توتوشہ خانے کی تفصیلات جمع کیوں نہیں کراتے۔ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کون مین ثابت ہوئے ہیں انہوں نے تمام مافیاز کوپالا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جب حکومت سنبھالی تو 1 لاکھ ٹیکس دیتے تھے اس بار1 کروڑ روپے ٹیکس دیا ہے۔ عمران خان کی آمدنی میں ایک ہزارفیصد اضافہ کیسے ہوا۔

ای پیپر دی نیشن