صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کوہنرمند بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لئے خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے، فنی تربیت کا حصول نوجوانوں بالخصوص خواتین کے لئے انتہائی ضروری ہے،حکومت خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے انہیں بینکوں کے ذریعے قرضے فراہم کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ”خوشحال پاکستان” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے فیس بک کے اشتراک سے کیا تھا۔صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو حصول تعلیم کے بعد عملی میدان میں کردار ادا کرنا چاہئے، فنی تربیت کا حصول نوجوانوں کے لئے بہت ضروری ہے، وہ ممالک ترقی کی منازل طے کرتے ہیں جو نئے رجحان کو پہچانتے ہیں،2030ء تک دنیا کو سائبر سکیورٹی میں 4 کروڑ افراد کی ضرورت ہوگی، ورچوئل یونیورسٹی کم پیسوں میں معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے۔