8ماہ میں ڈیڑھ لاکھ معذور افراد کا ریکارڈ آن لائن کیا،بلال حیدر


لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب آئی ٹی بورڈ کے محکمہ سماجی بہبود پنجاب کیلئے وضع کردہ ڈس ایبلڈ پرسنز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے اپریل 2022 سے اب تک ڈیڑھ لاکھ معذور افراد کا ڈیٹا آن لائن کر دیا گیا ۔اس حوالے سے چیئرمین پی آئی ٹی بی سید بلال حیدر کا کہنا تھا کہ سسٹم کے تحت پنجاب بھر کے معذور افراد اپنی میڈیکل اپوائنٹمنٹ کیلئے آن لائن درخواست دینے کیساتھ ساتھ معذوری کا سرٹیفکیٹ بھی آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔ اس اقدام سے معذور افراد کو سرکاری دفاتر کے غیرضروری چکر لگانے سے نجات ملی ہے اور اپنی درخواست کو آن لائن ٹریک بھی کر سکتے ہیں۔سید بلال حیدر کا کہنا تھا کہ خصوصی شناختی کارڈ کیلئے نادرا کی تصدیق بھی آن لائن ہو رہی ہے جبکہ معذور افراد کا تمام ضروری ریکارڈ بھی ڈیش بورڈ پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام 36 دارالامان اور  12 ماڈرن چلڈرن ہوم کی رجسٹریشن اور رہائشیوں کی ضروریات، انتظامات اور نقل و حرکت کی نگرانی بھی اسی سسٹم کے تحت کی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن