اسلام آباد کراچی (خبرنگار+ نیٹ نیوز) ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 744 کرونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 15 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح شرح 0.40 فیصد رہی ہے۔ اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ25مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ذرائع کے مطابق آغا خان یونیورسٹی کے ماہرین نے ایکس بی بی ویرینٹ کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے۔ آغا خان یونیورسٹی حکام نے بتایا کہ جینوم سیکونسنگ سے ایکس بی بی ویرینٹ کی موجودگی ظاہر ہوتی ہے، ابھی تک پاکستان میں بی ایف7 ویرینٹ کی تصدیق نہیں ہوئی جو تیزی سے پھیلتا ہے۔ سابق وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے دعویٰ کیا کہ غالب امکان ہے بی ایف7 ویرینٹ بھی پاکستان پہنچ چکا ہے اور مجھے 100 فیصد یقین ہے دونوں ویرینٹس پاکستان آچکے ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق پاکستان کو دونوں نئے ویرینٹس سے کوئی بڑا خطرہ نہیں، یہاں قوت مدافعت بہت بہتر ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں کرونا کے نئے ویرینٹ ایکس بی بی کے 6 کیس سامنے آ گئے۔ متاثرین کی کوئی ٹریول ہسٹری سامنے نہیں آئی۔ محکمہ صحت سندھ کے حکام نے بتایا کہ کراچی میں کرونا کے اومیکرون ویرینٹ کے سب ویرینٹ ایکس بی بی کے 6 کیس سامنے آئے ہیں۔ ڈی ایچ اے میں 3، شادمان اور طارق روڈ کے علاقے میں ایک ایک مریض رپورٹ ہوا جبکہ ایک کیس ضلع شرقی میں سامنے آیا۔ قومی ادارہ برائے صحت نے کرونا کے نئے ویرینٹ سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔ ترجمان کے مطابق کرونا کی نئی قسم کا تاحال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ای ڈی این آئی ایچ کے مطابق ملک میں نئے ویرینٹ سے نمٹنے کے حوالے سے انتظامات مکمل ہیں۔ کرونا ویرئینٹ اومی کرون سر اٹھانے لگا۔ ایک ہفتے میں 29اومی کرون XXBکیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں ابھی تک چین کا نئے ویرینٹ BF7رپورٹ نہیں ہوا۔ XBB کورونا کا پرانا ویرینٹ ہے۔
کرونا