بیانات افسوسناک پاکستان کی ذمہ داری ہے حالات قابو میں رکھنے کی کوشش کرے ذبیح مجاہد


کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بار پھر پاک افغان تعلقات کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔ ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان پاکستان سمیت تمام پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتی ہے۔ حالیہ دنوں پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان کے خلاف دیے جانے والے بیانات قابل افسوس ہیں۔ پوری کوشش کررہے ہیں افغان سرزمین پاکستان یاکسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہو، ہم اس مقصد کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہیں۔ پاکستان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ حالات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کرے۔ امارت اسلامی اپنے ملک کے اندر امن و استحکام کو اہمیت دیتی ہے۔ اسی طرح پورے خطے کیلئے امن اور استحکام چاہتی ہے اور اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ افغانستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی نہیں کی تو پاکستان افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی ٹھکانوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
ذبیح مجاہد
 

ای پیپر دی نیشن