شیخوپورہ کچہری: پیشی پر 2 گروہوں میں فائرنگ، وکلاءسمیت 20 زخمی، دہشتگردی کا مقدمہ

Jan 04, 2023


شیخوپورہ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) ضلع کچہری میںمسجد کی تعمیر کے تنازعہ پر تاریخ پیشی کے بعد دوگروپوں میں فائرنگ اور خشت باری کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران دونوںگروپوں کے 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سابق صدر بار زاہد سعید ایڈووکیٹ کا کلرک بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو فوری ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ بی ڈویژن پولیس نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آبادی ڈیرہ خورشید میں مسجد کی تعمیرکے دوران عارف خان ایڈووکیٹ اور اسرار خادم ایڈووکیٹ مسلک کی بنیاد پر تنازعہ کھڑا ہوگیا اور بار بار لڑائی جھگڑے پر مقدمہ کا اندراج ہوا جس کی تاریخ پیشی پر دونوں فریقین عدالت حاضر ہوکر جب کچہری چوک میںآئے تو تلخ کلامی پر دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جس میں سابق صدر بار زاہد سعید ایڈووکیٹ کے چیمبر پر بھی فائرنگ ہوئی جس میں کلرک محبوب عالم سمیت 15 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے پولیس نے سب انسپکٹر ذوالفقار علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع ہوگئی ۔ واضح رہے کہ مذکورہ تنازعہ ایک سال قبل سے چلاآرہا ہے وکلاءاور معززین علاقہ نے ڈی پی او شیخوپورہ اور ایس پی انوسٹی گیشن ،ایس ایچ ا و بی ڈویژن مصالحتی طور پر حل کرنے کی درخواستیں کیں مگر کسی نے بھی اس سنگین مسئلہ پر کان نہ دھرا اور اس غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ یہ رہا۔ مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت زیر دفعہ 143، 145، 148، 149، 324اور 186کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں کہا گیا ضلع کچہری میں عارف خان ایڈووکیٹ گروپ اور اسرار خادم کمبوہ ایڈووکیٹ گروپ کے مابین ہونے والی فائرنگ پتھراو¿ سے ضلع کچہری میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کی طرف سے بار بار سپیکر پر اعلانات کے باوجود دونوں گروپوں نے خود کو سرنڈر کرنے کی بجائے فائرنگ اور پتھراو¿ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجہ میں عارف خان ایڈووکیٹ گروپ کے عبدالرحمن، قربان علی، رشید احمد، محمد وریام، محمد رمضان، عارف نذیر، مظہر اقبال زخمی ہوگئے جبکہ دوسری طرف اسرار کمبوہ ایڈووکیٹ گروپ کے ابرار خادم، عبدالجبار، ساجد، محبوب عالم، محمود عالم، عابد حسین، مقصود عالم زخمی ہوگئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے شیخوپورہ کچہری میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ملزموں کی فوری گرفتاری اور زخمیوں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
کچہری فائرنگ 

مزیدخبریں