ڈی جی ادارہ فروغِ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید کا اردو لغت بورڈ، کراچی کا دورہ 


 اسلام آباد( نامہ نگار ) ممتازمحقق اور ماہر اقبالیات ڈاکٹر راشد حمید نے ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ادارے کے فیلڈ دفتر اردو لغت بورڈ، کراچی کا دورہ کیا دیگرافسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اردو لغت بورڈ، کراچی کے دفتر کی عمارت ابتدائی طور پر 1985 میں قائم ہوئی تھی جس کے بعد پہلی دفعہ حال ہی میں عمارت کی تزئین وآرائش اور مرمت کا کام مکمل ہوا جس کے افتتاح کے لیے مشیر وزیر اعظم برائے قومی ورثہ وثقافت ڈویژن انجینئر امیر مقام کا دورہ کراچی جلد متوقع ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے مشیرِ وزیر اعظم کی آمد سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی۔ڈائریکٹر جنرل کو اردو لغت بورڈ میں جاری دفتری امور اور ملازمینِ کے پیشہ ورانہ مسائل اور معاملات پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
ڈاکٹر راشد حمید نے ماضی میں اردو لغت بورڈ سے وابستہ سربراہان کی علمی وفنی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انھوں نے ادارے میں افرادی قوت کی کمی کے باوجود نئے منصوبے شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اِ ن منصوبوں میں فیلڈ دفتر کے کتب خانے کو ڈیجیٹائزکرنا، نادر ونایاب کتابوں کو محفوظ بنانا سرفہرست ہے۔ اردو لغت کی تیاری میں استعما ل شدہ کارڈز کو بھی کمپیوٹر پر محفوظ بنایا جائے گامزید یہ کہ اردو لغت کی تیاری میں حوالے کے طور پر استعمال ہونے والی کتب کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن بھی شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں نئی فرہنگو ں کی اشاعت، لغات کے نظر ثانی شدہ ایڈیشنوں سمیت اردو اور دیگر بین الاقوامی زبانوں کی لغات سازی کو بھی ترجیح دی جائے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن