اتنا بڑا سیلاب اپنی پوری زندگی میں نہیں دیکھا، وزیراعظم شہبازشریف کا صحبت پور میں مقامی عمائدین سے خطاب۔

وزیراعظم شہبازشریف نے صحبت پور میں مقامی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا صحبت پور ضلع پانی میں ڈوبا ہوا تھا، یہاں پانی اور خوراک پہنچانا آسان کام نہیں تھا، اتنا بڑا سیلاب اپنی پوری زندگی میں نہیں دیکھا، سندھ کا میدانی اور بلوچستان کا پہاڑی علاقہ پانی میں ڈوبا ہوا تھا، صحبت پور میں پانی اور خوراک پہنچانا آسان کام نہیں تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خوف آتا تھا کہ کس طرح لوگ دوبارہ بحال ہوں گے،گھروں کو جائیں گے، جن حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی تھی آئی ایم سے معاہدہ ٹوٹ چکا تھا، حکومت سنبھالی تو حالات بہت مخدوش تھے ، سابق حکمران سستی ترین گیس نہ خرید سکے، انکی نااہلی سے اربوں ڈالر خرچ کرکے گندم خرید رہے ہیں ، 27ارب ڈالر تیل پر خرچ ہوئے،کوئی شک نہیں مہنگائی عروج پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب نے بہت بڑ ا چیلنج پیدا کردیا ، سیلاب متاثرین کیلئے مزید امداد کی ضرورت ہے ، 9دسمبر کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے ، برادر ممالک کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ آج صحبت پور کے اس منصوبے سے سبق حاصل کریں گے، سیلاب کے بعد زمینیں ناکارہ ہوگئی ہیں،اس سے بڑی تباہی کیا ہوسکتی ہے ، ہم کوئی لمحہ ضائع نہیں کریں گے، تقریباً 10لاکھ گھر پانی میں بہہ چکے ہیں،سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی فرض کی مکمل ادائیگی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر کی مشاورت سے پورے بلوچستان میں دانش اسکول بنائیں گے ، پنجاب دانش اسکول کے یتیم بچیاں اور بچے آج بیرون ملک خدمات انجام دے رہے ہیں، سینکڑوں بچے اور بچیاں ڈاکٹر اور انجینئرز بن چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دانش اسکول آج ہی بننا شروع ہوجائینگے ، دانش اسکولوں میں ای لائبریری بھی قائم کی جائے گی، یہ تمام 12دانش اسکول سولر کی شمسی توانائی سے چلیں گے وزیراعظم نے گورنمنٹ بوائزسیکنڈری اسکول کلی جیاخان کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کردیا۔

ای پیپر دی نیشن