غزہ: 30سے زائد مقامات پر حملے، 200فلسطینی شہید:متعدد اسرائیلی فوجی مار ڈالے، حزب اللہ

Jan 04, 2024

بیروت، غزہ‘ واشنگٹن (آئی این پی) اسرائیلی فوج کی بربریت رک نہ سکی ہے اور غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے۔ صیہونی فورسز  نے غزہ میں 30 سے زائد  مقامات پر حملوں کے دوران گزشتہ 24 گھنٹے میں 200 سے زائد افراد کو شہید کر دیا ہے جبکہ دیر البلاح میں رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب بیروت میں حماس کے نائب سربراہ صالع العروری کی شہادت کے بعد لبنان کی سرحد پر حزب اللہ نے متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تاہم ہلاکتوں کی تعداد سامنے نہیں آئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان کی جہادی تنظیم حزب اللہ نے بتایا کہ انہوں نے سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی اہلکاروں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے خطرناک حملہ لبنان اور اس کی خود مختاری پر حملہ تھا، اسرائیل کو اس کا جواب دیا جائے گا۔ جہادی تنظیم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہم ہر وقت مزاحمت کے لیے تیار ہیں اور ہمارے جنگجو بھرپور تیاری کے ساتھ سرحد پر موجود ہیں۔ سربراہ حماس اسماعیل ہانیہ نے کہا صالح کی شہادت اور قربانی نے ہمیں نئی طاقت اور قوت بخشی ہے۔ فتح اور آزادی تک جہاد جاری رہے گا۔ ان کا قتل دہشتگردی ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے ترجمان نے لبنان میں حماس رہنما کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے کہا صورتحال انتہائی پریشان کن ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس 23 جنوری کو ہو گا۔ فرانس کے مستقل مندوب نیکولس نے کہا جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ غزہ میں 20 لاکھ شہری جن میں بچے‘ بوڑھے اور خواتین ہیں وہ سب دہشتگرد نہیں۔ بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 11اور 12جنوری کو ہوگی۔ جنوبی افریقی اہلکار نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے وکلا سماعت کی تیاری کر رہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ اسرائیل فلسطینی عوام کی نسل کشی میں ملوث ہے۔

مزیدخبریں