اسلام آباد ہائی کورٹ کی بلوچ مظاہرین کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت

Jan 04, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیشنل پریس کلب سے بلوچ مظاہرین کو ہٹانے سے روکنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ بلوچ مظاہرین کی اسلام آباد پولیس کی جانب سے مسلسل ہراساں کیے جانے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ اب آپ کا مسئلہ کیا ہے؟ ساری خواتین رہا ہوگئیں ہیں۔ وکیل نے جواب دیا کہ جی ساری خواتین رہا ہو گئی ہیں مگر اب پولیس ہمیں ہراساں کر رہی ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے دریافت کیا کہ جو فیملیز آئی ہوئی ہیں وہ اس وقت کہاں ہیں؟۔ اس پر وکیل نے بتایا کہ وہ خواتین نیشنل پریس کلب کے باہر ٹھہری ہوئیں ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے بلوچ مظاہرین کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 جنوری تک ملتوی کردی۔ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز کو بھی 5 جنوری کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرلیا گیا۔

مزیدخبریں