پتوکی؍ جڑانوالہ سمیت کئی شہروں میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ، شہری سراپا احتجاج

پتوکی؍ جڑانوالہ؍ پیر محل؍ نارنگ منڈی؍ نوشہرہ ورکاں؍ خانقاہ ڈوگراں (نامہ نگاران+ نمائندگان نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) پتوکی، جڑانوالہ، پیر محل، نارنگ منڈی، نوشہرہ ورکاں، خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لوڈ شیڈنگ سے علاقہ مکینوں کی مالی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ پتوکی شہر میں 18/20گھنٹوں کی غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔ کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ سردی بڑھتے ہی جڑانوالہ و گردونواح میں بجلی و گیس کی طویل بندش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دئیے ہیں۔ بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ دیگر شہروں کی طرح تحصیل پیر محل میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹوں سے بھی تجاوز کر جانے کی وجہ سے کا روباری سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے ساتھ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں بیماروں کو شدید مشکلات کا سامنا اور آپریشن تھیٹر شیڈول بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ نارنگ اور گردونواح میں بجلی بندش نظام زندگی مفلوج خواتین سمیت شہریوں کا شدید احتجاج شہریوں کا کہنا تھا پہلے ہی کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے، ایسے میں رہی سہی کسر بجلی کی گھنٹوں بندش کی صورت میں پوری ہو جاتی ہے۔ کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ ٹھٹھرتی سردی میں بجلی اور سوئی گیس دونوں میسر نہیں ہیں۔ نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ غریب عوام سے لاکھوں روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے لیکن سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ جبکہ نوشہرہ ورکاں میں دن کے ورکنگ اوقات میں بجلی ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ بند کی جا رہی ہے جس سے کاروباری طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔ ہفتہ میں ایک دن واپڈا تنصیبات کی مرمت وغیرہ کے لئے بجلی علیحدہ سے بند کی جاتی ہے۔ سوئی گیس کا پریشر پورا سال ہی کم رہتا ہے۔ دوسری جانب خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث کاروباری زندگی ٹھپ۔ دیہاڑی دار طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہو گیا۔گھنٹے بعد غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گھریلو صارفین سمیت دکاندار، تاجر طبقہ بہت پریشان ہے، شہریوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی، چئیرمین واپڈا اور ایس ای واپڈا شیخوپورہ سے فوری نوٹس لے کر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کا  مطالبہ کیا ہے۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق گیس کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے اس شدید سرد موسم میں زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ گھروں میں چولہے ٹھنڈے اور غریب عوام سردی سے ٹھٹھر کر رہ گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن