اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا آٹھ واں اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ و دیگر حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی نے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات اور کویت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں اور فریم ورک معاہدوں پر دستخط سمیت دوست ممالک کے ساتھ معاشی روابط میں اضافہ کو سراہا۔ فورم نے ان مفاہمتی یادداشتوں کو تیز رفتاری سے معاشی حقیقت میں تبدیل کرنے کی ہدایات دیں۔ کمیٹی نے نجکاری پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور مختلف اہم اہداف کی بروقت تکمیل میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو سراہا اور رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے ہدایات دیں۔ ڈومیسٹک ڈسپیوٹ ریزولیوشن کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے سمیت سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف پالیسی سازی کی منظوری دی۔ کمیٹی نے سرمایہ کاروں کو خاص طور پر ملک کے دور دراز علاقوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی کو تیز کرنے پر بھی اتفاق رائے کیا۔ کمیٹی نے اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں، وزیر اعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ SIFC کے مختلف اقدامات کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوست ملکوں کیساتھ سرمایہ کاری، مفاہمتی یاداشتوں کو حقیقت بنایا جائے، اپیکس کمیٹی: آرمی چیف کی شرکت
Jan 04, 2024