تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی وفد کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات

لاہور(خصوصی نامہ نگار ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی وفد کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات۔ کالعدم دہشت گرد جماعتوں اور بیرونی امداد پر چلنے والی تنظیموں پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی کا مطالبہ۔ سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین کی سرکردگی میں نمائندہ وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کر کے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد اور دیرپا قیام امن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے سفارشات پیش کیں۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے مطالبات پر آئین و قانون کے مطابق عملدرآمد کا یقین دلایا۔ علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن پر واضح کیا ہے کہ قیام پاکستان میں شیعہ سنی تمام مکاتب کا برابر کا حصہ ہے۔ انتخابی عمل بھی تحریک پاکستان اور نظریہ اساسی کی روح کے تحت ہونے چاہئیں۔ فرقہ و مسلک، زبان، علاقہ سمیت کسی بھی عصبیت کی بنیاد پر عملی سیاست دراصل نظریہ اساسی کو کمزور کرنا ہے۔ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے تصور مملکت کو فوقیت دی جائے اور قومی امنگوں کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن