لاہور(نیوز رپورٹر)لاہور جنرل ہسپتال میں پنجاب حکومت نے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے شعبہ امراض اطفال کیلئے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف گیسٹر و انٹر نالوجی کی نئی آسامی متعارف کروا دی جس پر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حسن سلیمان ملک کو تعینات کر دیا گیا ہے اور انہوں نے اپنی ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے شعبہ امراض بچگان میں نئی آسامی پر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حسن سلیمان ملک کی تعینا تی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں اْن کی تقرری سے بچوں کے معدے، آنت اور جگر کی بیماریوں کے علاج میں سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور انہیں زیادہ بہتر تشخیصی ٹیسٹ اور اینڈو سکوپی کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے علاج کیلئے ہسپتال آنیوالے بچوں اور ان کے والدین کیلئے بھی آسانیا ں پیدا ہوں گی۔ یہ تمام تر سہولیات پنجاب حکومت کی مروجہ پالیسی کے مطابق بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی جس سے مریضوں اور اْن کے اہل خانہ کو مزید ریلیف ملے گا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ڈاکٹر حسن سلیمان ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے اْن کی خدمات کو سراہا اورکہا کہ اْن کا شمار بہترین طبی ماہرین میں ہوتا ہے اور اْ ن کی اس شعبے میں تعیناتی سے بلا شبہ لاہور جنرل ہسپتال کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
جنرل ہسپتال:ایسوسی ایٹ پروفیسر گیسٹرو انٹرنالوجی کی نئی آسامی متعارف
Jan 04, 2024