ہارورڈ یونیورسٹی کی صدر کلاڈین گے نے آئیوی لیگ یونیورسٹی کے کیمپس میں سرقہ بازی کے الزامات اور یہود دشمنی کے تنازعے کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کی پہلی سیاہ فام صدر ڈاکٹرکلاڈین گے نے منگل کو محض چھ ماہ اور دو دن بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ستمبر 1636 میں قائم ہونے والی یونیورسٹی کی شاندار تاریخ میں بحیثیت انچارج ان کی مدت ملازمت سب سے مختصر ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں ہارورڈ یونیورسٹی سے گہری محبت اور بھاری دل کے ساتھ لکھ رہی ہوں کہ میں صدر کا عہدہ چھوڑ رہی ہوں۔ یہ فیصلہ میں نے آسانی سے نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ’یقیناً یہ الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے کیونکہ میں آپ میں سے بہت سے لوگوں کے ساتھ مل کر تعلیمی مہارت کے عزم کو آگے بڑھانے کی منتظر ہوں جس نے صدیوں سے اس عظیم یونیورسٹی کو آگے بڑھایا ہے۔لیکن کارپوریشن کے ممبران کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ واضح ہوا کہ یہ ہارورڈ کے بہترین مفاد میں ہے کہ میں استعفیٰ دوں تاکہ ہماری کمیونٹی کسی فرد کے بجائے ادارے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے غیر معمولی چیلنج کے اس لمحے سے نمٹ سکے۔‘یونیورسٹی نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر کلاڈین گے یونیورسٹی میں دوبارہ اپنی فیکلٹی پوزیشن پر چلی جائیں گی۔ ان کی جگہ عبوری بنیادوں پر پرووسٹ اور چیف اکیڈمک آفیسر ایلن گاربر لیں گے جبکہ یونیورسٹی کو ایک نئے صدر کی تلاش ہے۔