اسلام آباد میں وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ اوروزیرخارجہ حنا ربانی کھرنے مشترکہ میڈیا بریفنگ دی۔ حناربانی کھرکا کہنا تھا کہ پاکستان اورامریکا میں کوئی خفیہ معاہدہ نہیں ہوا پارلیمانی سفارشات کے مطابق امریکا سے تعلقات کی پالیسی اپنائی گئی ہے، اس عمل میں سول اورعسکری قیادت شامل ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکا کو پیغام دیا ہے کہ وہ آئندہ ریڈ لائن کو عبورکرنے کی غلطی نہ دہرائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے نیٹو سپلائی بحال کرنے کے ساتھ ساتھ ایک سپر پاورملک کو بھی پیچھے ہٹنے پرمجبورکردیا ہے۔ مشترکہ بریفنگ کے دوران قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی روٹ کی سیکیورٹی کے لئے وزارت داخلہ انتظامات کرے گی نیٹو ممالک پاکستان کواپنی منڈیوں تک رسائی دے رہے ہیں۔ جس سے امریکہ کی جانب سے ملنے والی رقم سے زیادہ فائدہ ہو رہا ہے۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد امریکہ کی ناک رگڑنا نہیں ہے یہ معاملہ کسی کہ فتح یا شکست نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کوعالمی دنیا سے منقطع نہیں کرسکتے۔ کابینہ فیصلوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے دوہری شہریت سے متعلق آئنی ترمیم جبکہ توہین عدالت بل دوہزار بارہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔