لاہور (فرخ سعید خواجہ + خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ دورہ چین انتہائی اہمیت کاحامل ہے، چین اور پاکستان دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی بھرپور مدد کی۔ چین کے دورے پر روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ان کا دورہ چین انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چین اور پاکستان دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی بھرپور مدد کی۔ محمد نوازشریف کے دورہ چین کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ ہم نے عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ چین کی مہارت اور تجربات سے فائدہ اٹھا کرتوانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینگے۔ شہباز شریف صوبہ پنجاب میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے چین سے رہنمائی لیں گے اور اس سلسلے میں معاہدے بھی کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب چینی ماہرین کے لئے تحفظ کی ضمانت دیں گے۔ چین پہنچنے پر اپنے اعزاز میں استقبالیے سے گفتگو کرتے ہوئےمحمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں پاکستان میں انرجی کے بحران کے خاتمے کی غرض سے تعاون کے حصول کے لئے چین آیا ہوں اور مجھے اس دورے سے بہت امید ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ دورے کی ترجیحات میں توانائی اور انفراسٹرکچر کو اولین ترجیحات کی حیثیت حاصل ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ ہم ان دونوں شعبوں میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ چینی حکومت اور سرمایہ کاروں کا عملی تعاون بھی حاصل کریں۔ ہماری خواہش ہے کہ لاہور کے بعد صوبے کے دوسرے شہروں میں بھی چین کے تعاون سے میٹروبس جیسے منصوبے تیار کر سکیں۔ قبل ازیں بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ کئی ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے پنجاب میں توانائی کے منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ بےن الاقوامی کمپنی گلیکسی ری نیو ایبل انرجی نے کوئلے کے 1200میگا واٹ اور سولر کے 200میگا واٹ منصوبے شروع کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا ہے۔ توانائی کا حصول ہماری پہلی ترجیح ہے، سرماےہ کار توانائی کے شعبے میں سرماےہ لگائیں، ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ ہے اور ہماری پہلی اور آخری ترجیح انرجی، انرجی اور انرجی ہی ہے۔ شہبازشریف نے گوجرانوالہ کے علاقہ قلعہ دیدار سنگھ میں لڑکی کی میت کی بے حرمتی کے مبینہ واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔
شہبازشریف