اسلام آباد(آن لائن) وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے کہا ہے کہ موٹروے کی طرح پانی و بجلی کی وزارت میں بھی شفاف نظام لانے کی ضرورت ہے۔ شہروں میں عوام احتجاج کے ذریعے مطالبات منوا لیتے ہیں مگر غریبوں کی سننے والا کوئی نہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیمانڈ و سپلائی کا گیپ بہتر بنانا ہوگا لائن لاسز اور ٹرانسمیشن لائن کو بہتر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ میں بیٹھنے والے برا نہ مانیں تو برملا کہتی ہوںکہ غریب لوگوں کی بات کو بڑے ایوانوں تک نہیں سنا جاتا۔ محکمہ کے لوگ کرپٹ ہیں بلنگ کا نظام، لائن نقصانات، طلب و رسد اور کرپٹ اہلکاروں کا خاتمہ کرنا ہوگا جس کیلئے ہم کوشاں ہیں عوام بہت بری حالت میں زندگی گزار رہے ہیں سینکڑوں دیہاتوں کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شفاف نظام محکمہ میں رائج کرنا چاہتی ہے اس کے ساتھ کھڑی ہوں آئندہ سال عوام تبدیلی محسوس کرینگے۔
نرگس سیٹھی