271 میٹر ریڈرز کی تبدیلی کے احکامات پر عملدرآمد چیف ایگزیکٹو لیسکو مافیا کے سامنے بے بس

Jul 04, 2014

لاہور (ندیم بسرا) لیسکو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سرکل کے تمام 271 میٹر ریڈرز کے ایک ہی روز تبادلوں کے احکامات پر عملدرآمد کروانے کے معاملے پر چیف ایگزیکٹو لیسکو رائو ضمیر الدین ’’گھبرا‘‘ کر ’’آنکھیں چرانے لگے‘‘۔ تفصیلات کے مطابق ایک ماہ قبل ایس ای سیکنڈ سرکل اسد اللہ نے سنٹرل سرکل (سیکنڈ سرکل) کی حدود میں تعینات تمام میٹر ریڈرز کے تبادلے کے احکامات ایک سب ڈویژن سے دوسرے سب ڈویژن میں کر دیئے۔ سیکنڈ سرکل کے 5 ڈویژنز سول لائن، سمن آباد، اقبال ٹائون، رائے ونڈ اور ٹائون شپ کے 24 کے قریب سب ڈویژنز میں 271 سے زائد میٹر ریڈرز تعینات ہیں۔ ایس ای سیکنڈ سرکل اسد اللہ نے کرپشن کو ختم کرنے اور ایک سب ڈویژن میں 15 برس سے تعینات میٹر ریڈرز کے تبادلوں کے احکامات جاری کیے اور کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کے ذریعے ان کو ایک کلومیٹر کی حدود میں تعینات کر دیا مگر لیسکو میں ایف آئی اے کی طرف سے سابق چیف ایگزیکٹو اور ڈائریکٹر آپریشن کی گرفتاری کے بعد نئے چارج سنبھالنے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر رائو ضمیرالدین نے ایس ای اسداللہ کے احکامات ایک ماہ کیلئے مؤخر کر دیئے۔ جون کا ماہ گزرنے کے بعد جب تمام میٹر ریڈرز کے تبادلوں کے احکامات پر عملدرآمد کا وقت آیا تو چیف ایگزیکٹو لیسکو رائو ضمیر الدین بعض نادیدہ قوتوں اور متحرک مافیا کے آگے بے بس ہو گئے اور ایس ای کے احکامات کو ختم کر کے نئے احکامات جاری کر دیئے جس کے تحت 271 میٹر ریڈرز کے تبادلے بیک وقت نہیں ہو سکیں گے۔ 3ماہ کے اندر گرمیوں کا سیزن میٹر ریڈرز کے تبادلے کے احکامات ہو سکیں گے یعنی ستمبر 2014 میں میٹر ریڈرز کے تبادلوں کے احکامات جاری ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو سیکنڈلز سے بچنے کیلئے کوئی بھی رسک لینے کو تیار نہیں۔
271 میٹر ریڈرز تبادلے

مزیدخبریں