لاہور (پ ر) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نماز جمعہ جامع المنہاج میں ادا کی۔ نماز جمعہ کے بعد انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے رفقائ، ممبران، عہدیداروں اور سینکڑوں نمازیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پرانہوں نے بتایا امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس سے بھی نوجوان تفہیم دین کیلئے شہر اعتکاف کا حصہ بننے کیلئے آئے ہیں، نوجوانوں کا تعارف بھی کروایا اور کہا اسلامیان پاکستان شہر اعتکاف کا حصہ بنیں۔ انہوں نے اس موقع پر مختصر خطاب بھی کیا اور کہا اس وقت عالم اسلام بالخصوص پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کا شکار ہے ۔اللہ تعالیٰ پاکستان کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرے اور پڑھے لکھے، باہمت نوجوانوں سے اپنے دین کی سربلندی کا کام لے۔ دین اسلام کی روح اور ایمان کا خلاصہ نبی آخر الزمان ؐ سے محبت ہے۔ نماز پنجگانہ اور جملہ فرائض انجام دینے والا ہر مومن جنت میں جائے گا لیکن قرب الٰہی پانے والے اولیائے اللہ اور محبان رسولؐ ہونگے جنہیں جنت میں رب کائنات کا صبح و شام دیدار نصیب ہو گا، روزہ باطن کی پاکیزگی اور قرب الٰہی حاصل کرنے کا نایاب ذریعہ ہے، کلمہ گو مسلمان روزہ کی برکت سے باطن کی پاکیزگی حاصل کریں۔نبی اکرمؐ سے محبت تمام عبادات کی روح ہے۔ نماز جمعہ کا خطبہ علامہ ارشاد احمد سعیدی نے دیا جبکہ دعا صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کروائی۔ انہوں نے دعا کرتے کہا اللہ تعالیٰ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے درجات بلند کرے اور گوجرانوالہ ٹرین حادثہ کا شکار ہونے والے افواج پاکستان کے شہید افسران و اہلکاروں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء کرے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، علامہ ارشاد احمد سعیدی، ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور، شیخ زاہد فیاض، احمد نواز انجم ، قاضی فیض الاسلام سمیت بڑی تعداد میں عہدیداروں وکارکنان نے ڈاکٹر طاہر القادری کے ہمراہ جامع المنہاج میں نماز جمعہ ادا کی۔