لاہور (نامہ نگار) تھانہ ریس کورس پولیس نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دونوں بھانجوں کا طبی معائنہ کرا لیا ہے جبکہ تاحال عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کی درخواست پر ان کے دونوں بیٹوں پر تشدد کا پولیس اہلکاروں و وارڈنز کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ اور قانون کے مطابق اگر مقدمہ بنتا ہوگا تو ضرور درج کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عظمیٰ نے جمعرات کو تھانہ ریس کورس پولیس کو درخواست دی تھی کہ 10پولیس اہلکاروں و ٹریفک وارڈنز نے ان کے بیٹوں عظیم اور عبداللہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے عظیم اور عبداللہ کا میڈیکل کرا لیا ہے۔ پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عمران خان کے بھانجوں کا طبی معائنہ، بہن کی درخواست پر تاحال مقدمہ درج نہ ہو سکا
Jul 04, 2015