لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان میں افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی نے جمعہ کی شام منصورہ میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں امن پورے خطے کی ضرورت ہے، اتحادی فورسز کی واپسی کے بعد خطے میں امن و خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا سورج طلوع ہو گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے افغان سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام اپنے افغان بھائیوں سے بے پناہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں، ہمارے درمیان اسلام کا نہ مٹنے والا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی شخص پارٹی یا گروہ کے بجائے افغان عوام سے محبت و ہمدردی رکھتے ہیں، ہماری ہمدردیاں کسی فرد یا جماعت سے نہیں بلکہ افغانستان اور اس کے عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ خطے کی اسلامی شناخت اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہ ماضی میں ہوا اور نہ آئندہ ہو سکے گا۔ افغان سفیر جانان موسیٰ زئی نے کہا کہ افغان حکومت سابق جہادی تنظیموں اور طالبان کے ساتھ گفتگو اور بات چیت کیلئے ہر وقت تیار ہے اور ہمارے دروازے سب فریقوں کیلئے کھلے ہیں۔