اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، تاہم روائتی خطرے کی موجودگی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا اور پاک فضائیہ کسی بھی قسم کے خطرے کا بھر پور جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔ یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کے 45ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب پاکستان ائیر فورس بیس مصحف سرگودھا میں واقع کمبیٹ کمانڈرز سکول میں منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ کمبیٹ کمانڈر ز سکول پاک فضائیہ کے پائلٹس اور ائیر ڈیفنس کنٹرولرز کو لڑاکا تربیت فراہم کرنے میں ایک محور کا کردار ادا کرتا ہے اور اسے اپنے آپکو فضائی قوت کے استعمال میں ہونیوالی جدیدرجحانات سے آگاہ رہنے کیلئے ہمہ وقت ارتقائی مراحل سے گزرنا ہوتاہے۔ ہمیں بہترین سے کم ترکسی چیز کی جستجو نہیںکرنی اور اپنے اثاثہ جات کو مؤثر طور پر استعمال کرنا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے گریجوٹینگ آفیسرز میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔