الطاف کیخلاف منی لانڈرنگ کیس، پاکستانی ٹیم کی سکاٹ لینڈ یارڈ حکام سے اہم ملاقات، میڈیا من گھڑت خبریں نہ چلائے، وزارت داخلہ

Jul 04, 2015

لندن، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + خبرنگار خصوصی) عمران فاروق قتل کیس اور الطاف حسین پر قائم منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پاکستانی وزارت داخلہ کی خصوصی ٹیم نے سکاٹ لینڈ یارڈ کے حکام سے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اہم معلومات کا تبادلہ کیا گیا، اگلے ہفتے منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کی پیشی بھی ہے۔ وزارت داخلہ خصوصی ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی ساجد کیانی کررہے ہیں۔ وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے بعض من گھڑت خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیاہے اور کہاہے کہ وزارت داخلہ میڈیا کوکیس کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کرتی رہے گی۔وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے میڈیا کے ایک حصے کی جانب سے بے بنیاد اور من گھڑت خبریں چلائے جانے کا نوٹس لیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایسے معاملے پر احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی بجائے میڈیا کے بعض حصے نامعلوم معلومات کی بناء پر اس معاملے پر سنسنی پیدا کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں حالانکہ اس کیس میں ملکی اور بین الاقوامی نوعیت کی قانونی پیچیدگیاں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزارت داخلہ نے سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان آمد اور میڈیا کو مقدمے کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھنے کے اعلان کے باوجود صبرو تحمل کی بجائے جھوٹی خبریں شائع و نشر کی جارہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ابتدائی مرحلے میں اس سے کچھ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ میڈیا سے اپنی اپیل دہراتے ہیں کہ اس قسم کی من گھڑت خبریں نشر کرنے سے گریز اور وزارت داخلہ سے رسمی اعلان تک اس سلسلے میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔

مزیدخبریں