کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ سرکار کرپشن میں عالمی سطح پر پہنچ گئی۔ مٹیاری میں 25 کلومیٹر سڑکیں صرف چار دن میں مکمل کرلی گئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق صرف کاغذوں میں سڑک بنا کر 40 کروڑ روپے ہضم کرلئے گئے۔ سندھ کے سائیں نے ترقیاتی کاموں میں تیزی کا ریکارڈ توڑ دیا اور اس حوالے سے چین، جاپان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور 25 کلومیٹر سڑک چار دن میں بنا ڈالی جبکہ لیاری ایکسپریس وے 10 سال میں نہ بنی، 11 جون کو سڑک کیلئے ٹینڈر کھلا اور 15 جون کو سڑکیں مکمل ہوگئیں جس کا بل بھی ادا کردیا گیا۔ مخدوم امین فہیم کے حلقے میں سڑکوں کا جال بنا دیا لیکن صرف کاغذوں پر ، سڑکوں کا کہیں نشان نہ ملا سندھ حکومت نے امین فہیم کو سڑکوں کی تعمیر کیلئے 40 کروڑ روپے جاری کئے سارے پیسے ڈپٹی کمشنر مٹیاری، افسران، بااثر افراد اور ٹھیکیداروں کی جیبوں میں چلے گئے۔
سندھ میں کرپشن، 4دن میں 25کلومیٹر سڑک بن گئی، 40کروڑ روپے ہضم
Jul 04, 2015