جدہ (اے این این) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عید کے بعد بڑی قربانی کا وقت آرہا ہے۔ پانامہ والوں کو اب کہیں پناہ نہیں ملے گی۔ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے جو اب چلے گی اور شریفوں کا غرور خاک میں ملے گا۔ اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا پوری قوم کیلئے نیک شگون ہے۔ وزیراعظم کو استعفیٰ دیکر احتساب کیلئے پیش ہونا پڑے گا یا پھر دمادم مست قلندر ہوگا۔ اب بچنے کا کوئی چانس نہیں۔ وہ جدہ میں پاکستانی وفود سے ملاقات میں اظہارخیال کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف اپنے پاﺅں پر کلہاڑا مارنے کے ماہر ہیں۔ اب تک جس طرح انہوں نے بطور وزیراعظم امور مملکت چلائے ہیں‘ اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ انہوں نے ماضی سے کچھ سبق نہیں سیکھا۔ وہ ذہنی طورپر خود کو بادشاہ سلامت سمجھتے ہیں اور اس وقت امور مملکت بھی مغل اعظم کی طرح چلائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم ملک سے غائب ہیں اور شہزادی مریم اجلاسوں میں افسرشاہی کو ہدایات دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ٹی او آر کمیٹی میں بہت لچک کا مظاہرہ کیا‘ لیکن حکومت ہٹ دھرمی پر قائم رہی۔ یہ نوازشریف کو بچانا چاہتے ہیں‘ لیکن اب ایسا ممکن نہیں۔
شیخ رشید