فیکٹری ایریا: معمولی جھگڑے پر ہمسائے کی 6سالہ بچی پر تشدد، گلا دبا کر قتل کردیا

Jul 04, 2016

لاہور (نامہ نگار) فیکٹری ایریا میںمحلے داروں نے معمولی جھگڑے پر ہمسائے کی 6سالہ بچی کو بہیمانہ تشدد کے بعد گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے دو افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا کے علاقہ فردوس پارک کے رہائشی محنت کش آصف کی 6سالہ بچی مناہل پراسرار طور پر گھر کے قریب ایک خالی پلاٹ میں شدید زخمی حالت میں پائی گئی۔ اس کی گردن اور پیٹ پر تشدد کے نشانات تھے۔ مناہل کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ مناہل کے والد آصف نے الزام لگایا کہ ان کا چند روز قبل اپنے ہمسایوں سے جھگڑا ہو ا تھا۔ اسی رنجش پر انہوں نے مناہل کو قتل کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے اس کے دونوں ہمسایوں کو حراست میںلے لیا اور تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق بچی کے ساتھ زیادتی کے شواہد نہیں ملے، جبکہ اصل حقائق تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیںگے۔ علاوہ ازیں بچی کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا اور ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔ایس پی کینٹ کے مطابق مناہل نامی بچی لڑائی کے دوران تشدد سے جاں بحق ہوئی۔ پولیس نے تشدد کرنے والے عابد اور اشفاق کو گرفتار کر لیا۔ بچی کی موت پیٹ پر چوٹ لگنے اور گلا دبانے سے ہوئی۔

مزیدخبریں