نیویارک (نمائندہ خصوصی) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (این وائے پی ڈی) کے انسداد دہشت گردی بیورو کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ میں دہشت گرد حملہ ہو سکتا ہے۔ امریکی آج 4 جولائی کو یوم آزادی منا رہے ہیں۔ اے بی سی نیوز سے ہفتہ کے روز بات چیت کرتے ہوئے جیمز وائرز نے کہا میرے خیال میں ملک میں ایک اور حملہ ناگزیر ہے‘ تاہم ہم ایسے کسی حملے کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ 100 خصوصی تربیت یافتہ آفیسرز ہتھیاروں‘ ڈیٹیکٹرز اور سراغ رساں کتوں کے ساتھ تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی آپریشن کو ”رنگ آف سٹیل“ کا نام دیتے ہوئے انہوں نے کہا بروکلین بریج اور ٹائمز سکوائر سے لیکر شہر کی سڑکوں پر 9000 نگران کیمرے کام کر رہے ہیں‘تاہم این وائے پی ڈی نے یوم آزادی پر کسی خطرے کو مسترد کر دیا ہے۔ آج 4 جولائی کو کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے امریکہ میں ایئرپورٹس‘ کلبوں اور کنٹونمنٹس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
امریکہ/ خطرہ
آج یوم آزادی ہے ‘امریکہ میں دہشت گرد حملہ ہو سکتا ہے: سربراہ انسداد دہشت گردی بیورو
Jul 04, 2016