معاشی حوالے سے خامیوں کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے: لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ناصر حمید خان نے معاشی معاملات کی درستگی کے لیے قائدانہ کردار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پالیسیوں کا محور معاشی نشوونما ہونا چاہیے تاکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیاجاسکے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ معاشی حوالے سے خامیوں کو دور کرنے اقدامات کی اشد ضرورت ہے ، تمام وسائل ہونے کے باوجود دیگر ممالک سے معاشی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانا تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام معاملات کی طرف فوری توجہ دینا ضروری ہے جو معاشی بحالی کا عمل تیز کرسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ حکومت معاشی معاملات کو تحقیق کے خطوط پر استوار کرکے نہ صرف عالمی سطح پر تیزی سے بڑھتے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے گا بلکہ برآمدات میں کمی، توانائی کے بحران، ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی کم شرح، نقصان دہ قومی اداروں، برین ڈرین، ہنرمند افرادی قوت کی قلت اور کم صنعتی پیداوار جیسے مسائل سے بھی نمٹا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشی مسائل کی ایک بڑی وجہ ریسرچ کلچر کا فقدان ہے ، عالمی سطح پر ہونے والی معاشی پیش رفت کے متعلق مستند ڈیٹا نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی بیرونی تجارت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، گذشتہ کئی سال سے ہمارا برآمدی ہدف پورا نہیں ہوپارہا جبکہ تجارتی خسارہ بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے جو اچھا شگون نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن