کوئٹہ /کندھ کوٹ/ڈیرہ مراد جمالی/ چلاس /ٹوبہ ٹیک سنگھ( بیورو رپورٹ +آئی این پی+آن لائن+نامہ نگار) جامشورو‘ کندھ کوٹ‘ ڈیرہ مراد جمالی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ٹریفک حادثات میں21 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیل کے مطابق جامشورو کے علاقے خانوٹ کے قریب کوچ اور ٹرک میں آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں کوچ کا کلینر موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دس مسافر شدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے‘ پولیس کے مطابق حادثہ کوچ ڈرائیور کو نیند آنے سے پیش آیا۔ بدقسمت مسافر کوچ کندھ کوٹ سے کراچی جارہی تھی۔دوسری جانب کندھ کوٹ کے علاقے تھلو شاہ میں تیز رفتار مسافر کوچ نے مخالف سمت سے آنیوالی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں3 موٹر سائیکل سوارموقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو ہسپتال منتقل کیا ۔ کوچ کراچی سے پنجاب جبکہ موٹر سائیکل سوار کندھ کوٹ جارہے تھے۔ دریں اثناء مٹھڑی میںقومی شاہراہ پر کار اورٹرک حادثے میں6افراد جاں بحق 2زخمی ہوگئے،پیرکو مٹھڑی میں قومی شاہراہ پر کار اور ٹرک کا حادثہ ہوا اس ہولناک حادثے میں ایک خاندان کے چھ افراد جن میں سربراہ مالک داد،مسماۃ جیجاں،مسماۃ ثانیہ بی بی،مسماۃ حلیمہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں مسماۃ شہناز بی بی اور بیٹا قدیر احمد کوایدھی ایمبولینس کے ذریعے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی طبی امداد کے لیے لایا گیا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مسماۃ شہناز بی بی اور بیٹا قدیر احمد بھی خالق حقیقی سے جا ملے۔جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔ ٹوبہ گوجرہ روڈ پر چک نمبر 284ج ب سٹاپ کے قریب تیز رفتار کارنمبر ایل ای سی 9984 اور موٹر سائیکل نمبر ٹی ایس کے 6675کے مابین تصادم کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار47سالہ غلام قمر ولد محمد شریف سکنہ سلطان محمود والا ضلع سرگودھا اور 30سالہ شاہد ولد صدیق سکنہ چک نمبر 303ج ب گوجرہ موقع پر جاں بحق ہوگئے ،جبکہ حادثہ کے بعد کار الٹ کر بری طرح تباہ ہوگئی اور کار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کی ٹیم موقع پر پہنچی مگر دونوں زخمی دم توڑ چکے تھے ،تھانہ صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔چلاس میں بابوسرٹاپ کے قریب کار کھائی میں جا گری۔ پولیس کے مطابق دو افراد جاںبحق ہو گئے۔ بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔ قلات میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی اور آئل ٹینکر میں تصادم ہو گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حادثے میں تین سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کاقافلہ کوئٹہ سے خضدار جا رہاتھا کہ قومی شاہراہ پر قلات کے قریب مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے جیپ ٹکرا گئی مقامی انتظامیہ نے جاںبحق اور زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات‘21 افراد جاں بحق‘12 زخمی
Jul 04, 2017