لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی ٹیم کے فل بیک محمد عرفان کا کہنا ہے کہ مکمل فٹ ہوں اور باقاعدہ ٹریننگ کر رہا ہوں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جب بھی کیمپ میں طلب کیا اپنی فارم اور فٹنس ثابت کر کے قومی سکواڈ کا حصہ بنوں گا۔ لندن سے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد عرفان کا کہنا تھا کہ ہاکی ورلڈ لیگ کے سکواڈ میں اپنی کمی کو شدت سے محسوس کیا، انشاﷲ مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بن کر اس کی جیت میں اپنا اہم کردار ادا کرونگا۔ امید ہے کہ ایشیا کپ سے پہلے ٹیم مینجمنٹ اس ٹورنامنٹ میں سامنے آنے والی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کرینگے۔ چند سال تک پاکستان کی نمائندگی کر سکتا ہوں جب محسوس کرونگا کہ قومی ٹیم کے قابل نہیں تو خود ہاکی چھوڑ کر سائیڈ لائن ہو جاونگا ۔ سینئر کھلاڑیوں کی سکواڈ میں واپسی سے پاکستان ٹیم ایک مرتبہ پھر مضبوط ہو جائے گی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن گراس روٹ لیول پر کام کر رہی ہے جس کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائینگے۔