لاہور+ ساہیوال (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا 22ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونا انتھک محنت، امانت، دیانت اور شفافیت کی داستان ہے۔ اس منصوبے نے نہ صرف دنیا بلکہ چین کا اپنا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے‘ یہ منصوبہ ہر لحاظ سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے‘ 180ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبہ کے معاہدے پر اپریل 2015ء میں دستخط کئے گئے۔ منصوبے کو مقررہ مدت سے 7ماہ قبل مکمل کیا گیا۔ ساہیوال میں1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تکمیل پر خصوصی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن بھی ہے۔ پاکستان میں خوشحالی کا انقلاب آ رہا ہے۔ وزیراعظم محمدنوازشریف نے پاک چین دوستی کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے تاہم بعض عناصر جو باہر سے تو پاک چین دوستی کا دم بھرتے ہیں لیکن اندر سے اس کی مخالفت کر رہے تھے انہوں نے سی پیک کے منصوبوں کے بارے میں منفی پراپیگنڈا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہمارے مخالفین اور ناقدین کہتے تھے کہ یہ منصوبے عملی شکل اختیار نہیں کریں گے لیکن اللہ تعالی کے فضل وکرم سے سی پیک کا میگا منصوبہ آج 1320میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کررہا ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے 2014ء میں پاکستان آنا تھا لیکن اس وقت بد قسمتی سے دھرنے دئیے گئے- میں خود اس بات کا عینی شاہد ہوںکہ دھرنے والوں کوکہا گیا کہ ہمارے انتہائی قابل اعتماد دوست چین کے صدر آ رہے ہیں آپ چند روز کے لئے یہاں سے ہٹ جائیں، سیاسی وعسکری قیادت نے بھی اس ضمن میں بڑی کوشش کی لیکن دھرنے والے اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہے اور انہوں نے جگہ چھوڑنے سے انکار کردیا- دھرنا دینے والے حقیقت میں پاکستان کے مستقبل کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے تھے اور چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے 22ماہ میں مکمل ہونے سے آنے والے وقتوں میں اربوں ڈالر کا فائدہ ہوگا‘ پورٹ قاسم میں بھی کول پاور پلانٹ لگایا جا رہا ہے- چین نے سی پیک کے تحت 36ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں کے لئے رکھے ہیں جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر سے زیادہ ہیں، اگر ہم اپنا زر مبادلہ ان منصوبوں کے لئے استعمال کرتے تو وہ ختم ہوجانا تھا- چین کا یہ عظیم احسان پوری قوم نہیں بھولے گی- وزیراعلیٰ نے کہاکہ پانامہ ہو یا بے نامہ، پاکستان ترقی کرتا رہے گا- وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھتا جائے گا- دھرنوں اور لاک ڈائون کے باوجود آج منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں- دھرنے ہوں یا لاک ڈائون پاکستان کی تعمیر وترقی کے منصوبے مکمل کرتے جائیں گے- پاکستان اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوچکا ہے- 20کروڑ عوام اس منزل کو کھوٹا نہیں ہونے دیں گے- عوام نے ماضی میں بھی دھرنوں اور لاک ڈائون کو ناکام کیا اور اب بھی ناکام کریں گے اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے‘ ماضی کی حکومتوں نے ملک کی تعمیر و ترقی اور توانائی کے منصوبوں میں کرپشن، بدانتظامی اور اقربا پروری کر کے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ہے- 80ارب روپے کا نیلم جہلم کا منصوبہ 500ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس سے 985میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ 180ارب روپے کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سے 1320میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے ،اسی طرح نندی پور کا منصوبہ بھی لوٹ مار اور کرپشن کی بد ترین مثال ہے۔ جو عناصر الزام لگاتے ہیں کہ سی پیک کے لئے چین نے شرائط عائد کی ہیں وہ پاکستان کے دشمن ہیں اور پاکستان کا بھلا نہیں چاہتے- چین نے سی پیک بغیر کسی شرط کے پاکستان کو دیا ہے اور دوستی کا عظیم حق ادا کیا ہے- سی پیک پہلے ہی دشمن کو بہت کھٹک رہا ہے اور سی پیک نے پہلے ہی بہت دشمن بنا دئیے ہیں لیکن دشمن سن لیں پاکستان ایٹمی طاقت ہے، پاکستان کے دشمن ہمارا بال بیکا نہیں کرسکتے - عوام پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کی آنکھیں نکال کر پائوں تلے روند دیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ ساہیوال پہنچے اور انہوں نے 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پلانٹ کا معائنہ کیا۔ محمد شہبازشریف نے 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تکمیل کا افتتاح بھی کیا اور مرکزی کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن چائنہ کے ایڈمنسٹریٹر و وائس چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمشن نور بیکری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے لئے ہر سطح پر بھرپور حمایت مہیا کی اور بے پناہ تعاون کیا، جس کی بناپر یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے اور پوری دنیا میں نئی تاریخ رقم ہوئی ہے- ہم پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ توانائی کے منصوبوں میں مشترکہ طو ر پر کام کرتے رہیں گے اور ہم پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہر وقت حاضر ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں جے آئی ٹی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا۔ ن لیگ ہمیشہ سرخرو ہوئی اب بھی ہو گی۔