میرٹھ (اے این این) اترپردیش کے شہر میرٹھ میں چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ایک کشمیری طالب علم پر درجن بھر نامعلوم نقاب پوش نوجوانوں نے اچانک حملہ کردیا۔ ایم اے سیکنڈ ایئر کا طالب علم انیس میس بند ہونے کی وجہ سے باہر کھانا کھاکر یونیورسٹی ہوسٹل میں واپس لوٹ رہا تھا، تبھی اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے اس پر دھاوا بول دیا اور انیس کی بری طرح پٹائی کر دی، جس سے انیس کو کافی چوٹ آئی اور وہ زخمی ہو گیا۔انیس اپنے ساتھی طالب علموں کے ساتھ تھانے پہنچا اور پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ انیس کے سر میں کافی چوٹ لگی ہے۔ انیس کا کہنا ہے کچھ نقاب پوش نوجوان آئے اور انہوں نے اس کا نام پوچھا اور کہا تو کشمیری اور مسلم ہے۔ اتنا کہنے کے بعد انہوں نے لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے پیٹنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ طالب علم کی تحریر لے کر جانچ شروع کر دی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہوگئی ہے۔