”اسلام مغرب ایک ساتھ نہیں چل سکتے“ ٹرمپ داعش والی بات کر رہے ہیں: میئر لندن

لندن (بی بی سی) لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے لندن میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن اسی طرح یہودیوں کے خلاف اور دیگر جرائم میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ لندن اب بھی دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہے۔ بی بی سی اردو کو انٹرویو میں صادق خان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور نفرت پر مبنی جرائم میں اضافے کے بعد ان کا کام مشکل ہو گیا ہے کیونکہ ان کے پاس وسائل کی کمی ہے۔’ہم حکومت سے مزید وسائل مانگ رہے ہیں، لندن برج اور فنسبری پارک حملوں کے بعد پولیس نے محنت سے کام کیا، میرا کام بھی اس وقت بہت مشکل ہے۔ لیکن اگر حکومت ہمیں وسائل نہیں دے گی تو ہماری مشکلات مزید بڑھیں گی۔‘ تو اس کا مطلب یہ لیا جائے کہ برطانوی حکومت مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں آپ کی مدد نہیں کر رہی؟ اس سوال پر صادق خان کا کہنا تھا کہ ’دیکھیں صرف مسلمانوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے لیے نہیں بلکہ وسائل کے بغیر ہم دہشت گردی کو کیسے شکست دیں گے؟‘'لندن برج حملہ ہو یا فنسبری پارک مسجد پر حملہ یہ دونوں دہشت گردی کے واقعات تھے، تو ایسے سنگین جرائم کی کوئی وجہ تلاش نہیں کرنی چاہیے۔ لیکن سب سے اہم چیز یہ ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو صحیح اسلام سکھائیں اور یہ بھی کہ آپ کے مذہب کی بنیاد پر کوئی آپ سے نفرت نہیں کرے گا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی نوجوانوں سے یہ کہے کہ مغرب آپ سے نفرت کرتا ہے، غیر مسلم آپ سے نفرت کرتے ہیں اور آپ زندگی اور آخرت میں کامیاب ہوں گے اگر آپ دہشت گردی کی جانب آئیں تو یہ سب بکواس ہے، اسلام نہیں ہے۔ تو ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ نہ صرف اپنے نوجوانوں کو صحیح راستے پر لگائیں بلکہ ماضی سے سبق بھی سیکھیں۔‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 6مسلمان ممالک کے شہریوں کی امریکہ آمد پر پابندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ داغش یہ کہتی ہے کہ اسلام اور مغرب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے اور مغرب مسلمانوں سے نفرت کرتا ہے، میرے خیال میں یہ بکواس ہے۔ یقیناً ہم ایک دوسرے کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ لندن کا میئر ایک مسلمان ہے، برطانیہ کا کامیاب ترین اولمپئین مو فرح مسلمان ہے۔‘ ان کے بقول ڈونلڈ ٹرمپ جب یہ کہتے ہیں کہ اسلام اور مغرب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے اور مسلمان امریکہ میں نہیں آ سکتے تو وہ وہی بات کر رہے ہیں جو داعش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ ایسا کہہ اور کر رہے ہیں تو وہ داعش کے لیے ان کا کام آسان کر رہے ہیں۔
صادق خان

ای پیپر دی نیشن