اعلیٰ سول ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں میں ملک و قوم کی خدمت اور کچھ گزرنے کا جذبہ بدرجہ اتم موجود

Jul 04, 2017

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) پاکستان میں وفاقی اور صوبائی سطح کی اعلیٰ سول ملازمتوں (سی ایس ایس اور پی ایم ایس) کے تحریری امتحانات میں کامیاب ہونیوالے طالب علموں نے اپنے انٹر ویوز کے دوران ممتاز سماجی شخصیت عبد الستار ایدھی، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ممتاز پولیس آفیسر ذوالفقار احمد چیمہ کو اپنا آئیڈیل قرار دیا ہے، ان امتحانات اور انٹر ویوز کے حوالے سے کی جانیوالی ایک سٹڈی میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اعلیٰ سول ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں میں خدمت اور کچھ کر گزرنے کا جذبہ بدرجہ اتم موجود ہے، اس حوالے سے انٹر ویوز کے دوران پولیس سروس میں جانے کے خواہاں امیدواروں سے انکے آئیڈیل شخصیت کے بارے میں پوچھا گیا تو انکی اکثر یّت نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقاراحمد چیمہ کو اپنی آئیڈیل شخصیت قرار دیا، ان نوجوانوں سے جب اسکی وجہ پوچھی گئی تو انکا موقف تھا کہ ذوالفقار چیمہ پولیس افسر کے طور پر جہاں بھی تعینات ہوئے انہوں نے وہاں امن قائم کیا لوگوں کو انصاف دیا اور قانون کی حکمرانی قائم کی، انکی وجہ سے پولیس کا عمومی تاثر بہت بہتر ہوا، امیدواروں کا کہنا تھا کہ پولیس کے علاوہ جن دیگر محکموں میں بھی ان کی تعیناتی ہوئی ذوالفقار چیمہ نے انکی کارکردگی کو بہتر بنایا۔ ملازمتوں کے انٹر ویوز کے دوران بعض نوجوانوں نے عبد الستار ایدھی کو انکی سماجی خدمات، جنرل راحیل شریف کو دہشتگردی کے خلاف بڑا آپریشن کرنے اور اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب کو بلاسود قرضے دینے کے حوالے سے پسندیدہ قرار دیا، سٹڈی کے مطابق انٹر ویوز کے دوران یہ بات بھی نوٹ کی گئی کہ امیدواروں کی انگریزی کا معیاربہتر ہوا ہے تاہم پاکستان اور اسلامک سٹڈیز کے حوالے سے انکی معلومات کا معیار قدرے کم ہوا ہے۔

مزیدخبریں